• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبری بندش کے بعد کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) ایک بار پھر مکمل طور پر فعال

اسلام آباد( خالد مصطفیٰ) دس ہفتوں سے زیادہ کی جبری بندش کے بعد کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) ایک بار پھر مکمل طور پر فعال ہوگئی ہے اور تقریباً 1000میگاواٹ کی اہم پیداواری صلاحیت قومی گرڈ سے دوبارہ منسلک ہوگئی ہے۔ یہ بحالی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے ٹیرف سے متعلق رکاوٹوں کے حل کے بعد ممکن ہوئی، جن کی وجہ سے یکم اکتوبر سے یہ اہم اور بلیک اسٹارٹ صلاحیت رکھنے والا پلانٹ بند تھا۔کیپکو کی یہ طویل بندش آئی جی سی ای پی اور پی اے پی کے تحت ٹیرف پابندیوں کے نتیجے میں ہوئی تھی، جس کے باعث جنوبی ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی لچک شدید متاثر ہوئی۔ نظامِ ترسیل چلانے والے اداروں اور پالیسی سازوں پر دباؤ بڑھ رہا تھا، جبکہ مختلف متعلقہ اداروں نے خبردار کیا تھا کہ پلانٹ کی عدم دستیابی ملتان اور مظفرگڑھ جیسے حساس ٹرانسمیشن مراکز پر گرڈ اسٹیبلٹی اور کنجیشن مینجمنٹ کے مسائل بڑھا رہی ہے۔صورت حال میں بہتری 9 دسمبر کو آئی جب نیپرا نے کیپکو کے ٹیرف کی مدت میں عبوری توسیع کا فیصلہ جاری کیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں کمپنی کا 495 میگاواٹ گیس/آر ایل این جی بلاک اور 478 میگاواٹ ایل ایس ایف او بلاک فوراً دوبارہ دستیاب ہوگئے۔
اہم خبریں سے مزید