کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں 2025ء کے دوران پولیو کے 9 کیس،3بدین، 2 ٹھٹھہ اور ایک ایک حیدرآباد، قمبر، لاڑکانو اور عمرکوٹ میں رپورٹ ہوئے،صورتحال ’انتہائی تشویشناک‘ ہے۔ انسدادِ پولیو مہم 15 تا 21 دسمبر چلائی جائیگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرنڈر نہ کرنیوالے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسدادِ پولیو کے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس یں منعقد ہوا، جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مہم کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں آخری کیس دسمبر 2024ء میں ضلع شرقی سے رپورٹ ہوا تھا،کراچی میں 12 میں سے 10 مقامات اور دیگر ڈویژنوں میں 17 میں سے 11 مقامات پر پولیو وائرس کی موجود ہے ،پولیو کے حوالے سے صورتحال کو ’انتہائی تشویشناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائرس کی یہ وسیع موجودگی ناقابلِ قبول ہے۔ صرف ایک اعلیٰ معیار کی، منظم مہم ہی اس کے پھیلاؤ کو روک سکتی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے ڈی۔ایس۔پی سٹی شکارپور پارس بکھرانی، ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور سومرو اور چار زخمی اہلکاروں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمال شاہ کو ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر زخمی افسران کے لئے ایئر ایمبولینس کا انتظام کریں تاکہ انہیں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔