چین میں سیاح سیلفی لیتے ہوئے چٹان سے پھسل کر تقریباً 130 فٹ (40 میٹر) نیچے جا گرا، مگر حیران کن طور پر وہ محفوظ رہا۔
یہ واقعہ صوبہ سیچوان کے شہر گوانگان میں واقع ہواٹنگ ماؤنٹین پر پیش آیا۔
برطانوی اخبار دی سن کے مطابق وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاح چٹان کے کنارے فون ہاتھ میں لیے چل رہا تھا، وہ پتھروں پر قدم جما کر تصویر لینے کے لیے مڑتا ہے کہ اچانک اس کے نیچے کی چٹان ٹوٹ جاتی ہے اور وہ نیچے جا گرتا ہے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق وہ ایک جنگل والے حصے میں گرا اور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
سیاح نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں، میں 40 میٹر اونچی چٹان سے گرا اور تقریباً 15 میٹر تک لڑھکتا رہا، جب پتھر ٹوٹے تو میں سمجھا کہ اب میں مر جاؤں گا، زندہ ہونا بہت اچھا ہے، اب میں زندگی اچھی طرح گزاروں گا۔
پارک انتظامیہ نے سیاحوں کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ وہ ممنوعہ اور خطرناک علاقوں میں داخل نہ ہوں اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔