• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے بنیاد نفرت کی عادی ہو چکی ہوں: پراجکتا کولی

پراجکتا کولی—فائل فوٹوز
پراجکتا کولی—فائل فوٹوز

معروف بالی ووڈ اداکارہ و یوٹیوبر پراجکتا کولی کا کہنا ہے کہ میں بطور کنٹینٹ کریئیٹر اپنے 11 سالہ سفر میں منفی تبصروں اور بے بنیاد نفرت کو برداشت کرنا سیکھ چکی ہوں، لیکن اس کے باوجود اصلی اور مفید تنقید کو ہمیشہ ویلکم کرتی ہوں کیونکہ اسی سے مجھے اپنی غلطیوں اور بہتری کا اندازہ ہوتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پراجکتا کبھی فلم اسکول نہیں گئیں اور نہ ہی انہوں نے باقاعدہ اداکاری کی تربیت حاصل کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ میں نے سب کچھ کام کرتے کرتے سیکھا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں 11 سال سے کریئیٹر ہوں، اب جلد باز بھی ہو گئی ہوں اور میری سخت کھال بھی ہو گئی ہے اس لیے بہت کچھ برداشت کر لیتی ہوں، البتہ تنقید ہمیشہ میرے لیے اہم رہی ہے، میں نے کہیں جا کر یہ نہیں سیکھا کہ کریئیٹر کیسے بنتے ہیں یا اداکاری کیا ہوتی ہے، جو کچھ سیکھا، خود کے تجربات سے سیکھا، اسی لیے کبھی کبھی لگتا ہے کہ میں اتنی مؤثر نہیں رہ پاتی۔

پراجکتا کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ نروس رہتی ہوں کیونکہ دیکھیں میں کن لوگوں کے ساتھ کام کر رہی ہوں لیکن یا تو میں یہ سوچ کر پیچھے رہوں کہ بس اتنا ہی کر سکتی ہوں یا پھر اس سب سے سیکھوں، کیونکہ میرا کوئی دوسرا اسکول تو ہے نہیں، اسی لیے ہر نیا پروجیکٹ میرے لیے ایک نیا زینہ ہے۔

پراجکتا کولی نے اپنے کیریئر کا آغاز یوٹیوب چینل سے کیا تھا جس پر ان کے مزاحیہ مشاہداتی ویڈیوز نے انہیں گھر گھر مشہور کر دیا۔

انہوں نے نیٹ فلکس کی کامیاب سیریز ’مس میچ‘ سے اداکاری میں قدم رکھا جبکہ 2023ء کی فلم ’جگ جگ جیو‘ سے بالی ووڈ ڈیبیو کیا۔

پراجکتا کولی جلد ہی نیٹ فلکس کی کامیڈی ڈرامہ سیریز ’سنگل پاپا‘ میں نظر آئیں گی، جس میں وہ کنال کھیمو، منوج پاؤا، نیہا دھوپیا اور عائشہ رضا کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

نیٹ فلکس پر یہ شو جمعے سے دستیاب ہو گا، جس کی ہدایت کاری ششانک کھیتان، ہتیش کیولیا اور نیرج ادھوانی نے کی ہے۔

اس حوالے سے پراجکتا کا کہنا ہے کہ میں ششانک کھیتان کی بہت بڑی فین ہوں، ان کی فلمیں ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ اور ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ مجھے بہت پسند ہیں، اس لیے اس پروجیکٹ کو کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی کہ میں انکار کرتی، جب پتہ چلا کہ ششانک ایک نیٹ فلکس شو بنا رہے ہیں تو میں نے فوراً آڈیشن دیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید