برطانوی قونصلیٹ کراچی میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے شاندار تقریب کا انعقادکیا، جس میں انہوں نے طاقتور خواتین فلم سازوں کو متعارف کروایا۔تقریب میں امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین، برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشنر مارک بیلی، جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری ماسارو نے خصوصی شرکت کی ۔
برٹش کونسل کی ڈائریکٹر لیلیٰ جمیل، کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن سمیت فلم اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے بھی شریک ہو کر تقریب کے وقار میں اضافہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق دو مرتبہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے پاکستان کی سب سے بڑی فلم سازی گرانٹ اور رہنمائی پروگرام پٹاخہ پکچرز کے پروگرام اسٹوری شی ٹیلز کے ساتویں ایڈیشن کی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں کراچی، ملتان، لاہور، چترال اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی آٹھ ابھرتی ہوئی فلم ساز خواتین نے حصہ لیا۔
پٹاخہ پکچرز ایس او سی فلمز کا ایک منصوبہ ہے اور برٹش قونصل اور اسکاٹش ڈاکیومنٹری انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے چلتا ہے۔ اس موقع پر فیلو فلمز کے ٹریلر پہلی بار پیش کیے گئے اور چھ ماہ کے دوران بننے والی گہری انسانی کہانیوں کی ایک ابتدائی جھلک دکھائی گئی۔ اس سال شرکاء نے جوڑیوں میں کام کرتے ہوئے ایسی فلمیں تیار کیں جن میں خواتین کی ثابت قدمی،ثقافتی وراثت، کارکردگی، موسیقی، روحانیت اور شناخت جیسے موضو عات پر کام کیا گیا۔
شرکاء نے پٹاخہ پکچرز کی بین الاقوامی مینٹور،اسکاٹش ڈاکیومنٹری انسٹیٹیوٹ کی بانی اور ایوارڈ.یافتہ فلم ساز نوئے مینڈیلی کی رہنمائی میں کام کیا، جن کا تجربہ دہائیوں پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرمین عُبید چِنائے نے بتایا کہ ہر سال، پٹاخہ پکچرز ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ فلمیں کتنی طاقتور ہو سکتی ہیں، جب خواتین کو اپنی کہانیاں سنانے کی جگہ، اعتماد اور رہنمائی دی جائے۔
ان آٹھ فلم ساز خواتین نے خود کو چیلنج کیا ہے کہ وہ پیچیدہ اور دلیرانہ بیانیے دریافت کریں۔ آج کی تقریب اس بات کی عکاس ہے کہ جب آپ صلاحیتوں کی پرورش کرتے ہیں، اُبھرتی ہوئی آوازوں کو فنڈ کرتے ہیں اور خواتین کے ٹیلنٹ پر یقین رکھتے ہیں، جو اس ملک کی ثقافتی یادداشت کو تشکیل دیتی ہیں، تو کیا کچھ ممکن ہو سکتا ہے۔
برٹش قونصل، جو اس پروگرام کی طویل المدتی شراکت دار ہے، نے نوجوان کہانی کاروں کی حمایت کے عزم کو دوبارہ دہرایا۔ جیمز ہیمپسن، کنٹری ڈائریکٹر، برٹش قونصل پاکستان نے کہا کہ ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہم ایسے پروگرام کی نمائندگی کر رہے ہیں جو خواتین کی آوازوں کو نمایاں کرتا ہے اور اُبھرتے ہوئے فلم سازوں کو پیشہ ورانہ مہارت اور تخلیقی اعتماد فراہم کرتا ہے۔
ہم اپنی شراکت داری پر خوش ہیں اور شرمین عبید چنائے کی اس قابلِ تعریف کوشش کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ نئی صلاحیتوں کی پرورش اور تخلیقی اظہار کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔ ہم منتظر ہیں کہ یہ فلم ساز پاکستان اور اس سے باہر کیا اثر ڈالیں گے۔
2022 میں آغاز کے بعد، پٹاخہ پکچرز کے مینٹورشپ پروگرامز نے 69 فلم سازوں کو پروموٹ کیا، جنہوں نے 25 سے زیادہ ایوارڈز جیتے اور دنیا بھر میں 70 سے زائد فیسٹیولز میں اپنی فلمیں پیش کیں۔ نیو یارک سے سیول، مونٹریال سے میلان اور کراچی سے کینبرا تک۔ اس سال کا گروپ اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں خواتین کی قیادت میں کہانی سنازی کے دائرے کو وسیع کر رہا ہے۔
پٹاخہ پکچرز، ایس او سی فلمز کا ایک منصوبہ ہے۔ اس سال کا گروپ اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں خواتین کی قیادت میں کہانی سازی کے دائرے کو وسیع کر رہا ہے۔ پٹاخہ پکچرز، ایس او سی فلمز کا ایک منصوبہ ہے۔ تقریب میں فلم اسٹار آمنہ الیاس، فیشن اور میک اپ انڈسٹری کی مقبول شخصیت نبیلہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔