کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) خلیفہ اول ،پیکر صدق و وفا، سیدنا حضر ت ابوبکر صدیق ؓ کی زندگی سرکارِ دوجہاںﷺ کی اطاعت و محبّت اور دین کی تبلیغ و اشاعت میں بسر ہوئی، ان خیالات کااظہار مولانا عبداللّٰہ منیر، ڈاکٹر عطا الرحمان اور مولانا عبدالرحیم رحیمی نے سیدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وفات کے موقع پرجنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین حضرت سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللّٰہؤ عنہ کو اللّٰہ تعالیٰ اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺمیں خصوصی اہمیت و فضیلت حاصل تھی قرآن مجید کی تقریباً ۳۲آیات آپ کے متعلق ہیں جن سے آپؓ کی شان کا اظہار ہوتا ہے نبی کریم ﷺ نے آپؓ کے بارے میں فرمایا کہ مجھ پر جس کسی کا احسان تھا میں نے اس کا بدلہ چکا دیا ہے مگر ابوبکر ؓکے مجھ پر وہ احسانات ہیں جن کا بدلہ اللّٰہ تعالیٰ روز قیامت انہیں عطا فرمائیگا انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللّٰہ عنہ کے گھرانے کو ایک ایسا شرف حاصل ہے جو اس گھرانے کے علاوہ کسی اور مسلمان گھرانے کو حاصل نہیں ہوا حضرت ابو بکر صدیق ؓخود بھی صحابی، ان کے والد حضرت ابو قحافہ ؓبھی صحابی، آپ کے تینوں بیٹے حضرت عبداللّٰہ ، حضرت عبدالرحمن اور حضرت محمد بن ابی بکر رضی اللّٰہ عنہم بھی صحابی،آپ رضی اللّٰہ عنہ کے پوتے بھی صحابی، آپکی بیٹیاں (حضرت سیدہ عائشہ ؓ، حضرت سیدہ اسماء ؓ اور حضرت سیدہ ام کلثوم ؓ بنت ابی بکر بھی صحابیات اور آپؓ کے نواسے بھی صحابی ہوئے انہوں نے کہاکہ سیدنا صدیق اکبرؓ نے اپنے محبوبﷺ کے مشن کی تکمیل میں جو عظیم خدمات انجام دیں، وہ تاریخ عالم میں زریں حروف سے رقم ہیں حضرت ابوبکر صدیقؓ کی حیاتِ طیبہ عظیم الشان کارناموں سے عبارت ہے آپؓ کی دینی خدمات کی طویل فہرست ہے، آپؓ کا دور خلافت بلاشبہ اسلامی فلاحی مملکت کا ایک مکمل نمونہ ہے۔