• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کی پہچان اس کے تاریخی ورثے سے ہوتی ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

لاہور(خبرنگار)قوموں کی اصل پہچان ان کی ثقافت، مذہبی ہم آہنگی اور تاریخی ورثے سے ہوتی ہے۔انہوں نے گزشتہ روز سول سروسز اکیڈمی لاہور میں زیر تربیت افسران کو ثقافت کی اہمیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی تاریخ و ورثے کے تحفظ کے موضوع پر جامع لیکچر دیا۔سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام (CTP) کے زیرِ تربیت افسران سے سول سروسز اکیڈمی، والٹن لاہور میں ثقافت کی اہمیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی تاریخ و ورثے کے تحفظ، بقا اور فروغ کے موضوع پر جامع لیکچر دیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اپنے خطاب میں مقامی ثقافت، بین المذاہب ہم آہنگی اور تاریخی و ثقافتی عمارات کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں وہی ہوتی ہیں جو نہ صرف اپنے شاندار ماضی، ثقافت اور ورثے کی حفاظت کرتی ہیں بلکہ اسے آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے اس کا فروغ بھی یقینی بناتی ہیں۔انہوں نے صوفیائے کرام کی تعلیمات کی اہمیت پر بھی تفصیل سے گفتگو کی اور مقامی لوک ادب اور عظیم شعرا و صوفی بزرگوں جیسے وارث شاہ، بلھے شاہ، شاہ حسین اور بابا فریدؒ کے افکار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات معاشرے میں رواداری، محبت اور امن کے فروغ کا ذریعہ ہیں ۔ لیکچر کے اختتام پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے زیرِ تربیت افسران کی جانب سے کیے گئے مختلف سوالات کے تسلی بخش اور خوشگوار انداز میں جوابات دیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس سول سروسز اکیڈمی نے اہم موضوع پر جامع اور آزادانہ لیکچر دینے پر ڈاکٹر احسان بھٹہ کا شکریہ ادا کیا اور ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے انہیں یادگاری سووینئر پیش کیا۔
لاہور سے مزید