لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے اور صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے قیام امن کی خاطر دن رات مصروف عمل ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 45 واں اجلاس چیئرمین و صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی صدارت میں ہوا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔