ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے ضلع لودھراں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری واشنگ سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور صفائی کے عمل کا عملی طور پر مشاہدہ کیا۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے لودھراں کی ڈمپنگ سائٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ویسٹ مینجمنٹ، کچرے کی منتقلی اور تلفی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ڈمپنگ سائٹ پر صفائی، نظم و ضبط اور ماحولیاتی اصولوں کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔دورے کے دوران شہر کے مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ دنیا پور 365 ڈبلیو بی چک کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں صفائی کی صورتحال، ویسٹ کولیکشن اور واشنگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔