• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام منصوبوں میں معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائیگا، کمشنر ملتان ڈویژن

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کی بیوٹیفکیشن سکیموں سے متعلق ایک جائزہ اجلاس ہوا، جس میں شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے جاری اور آئندہ منصوبوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے عیدگاہ کے سامنے زیر تعمیر پارک کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوامی آگاہی کیلئے تھری ڈی ڈسپلے نصب کرنیکی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائیگا اور سکیموں کے افتتاح سے قبل مکمل جانچ پڑتال ہر صورت یقینی بنائی جائیگی، کمشنر عامر کریم خاں نے گول باغ پارک میں جاری ترقیاتی کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے 24 دسمبر کو خصوصی انسپکشن کروانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معیار بہتر نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔اجلاس کے دوران کنکریٹ ڈیزائن کے بینچز، جدید پاتھ ویز اور مناسب و دیدہ زیب رنگوں کے استعمال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ گول باغ پارک میں فاؤنٹین لائٹس، گزیبو اور مجموعی طور پر پارک کی روشنی بہتر بنانے کیلئے 35فٹ بلند لائٹ پولز نصب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ انہوں نے شاہ شمس پارک کی جھیل کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار دینے اور یکم جنوری تک مکمل ورکنگ چارٹ پرنٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں نو نمبر چونگی سے کچہری چوک تک فلائی اوور کے لیے بیوٹیفکیشن اسکیم تیار کرنیکا حکم دیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے فلائی اوور کے نیچے کے حصے کو ری ڈیزائن کرنے اور فوڈ فیسٹیول کے سامنے کے علاقے کو سرسبز بنانے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ کلمہ چوک کے قریب گرلز اسکول کے اطراف گرین بیلٹس بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ وحدت کالونی گراؤنڈ سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ایم ڈی پی ایچ اے کریم بخش نے بیوٹیفکیشن اسکیموں پر تفصیلی بریفننگ دی۔
ملتان سے مزید