کابل( نیوز ڈیسک)پاکستان کے ساتھ سرحد کی بندش کے باعث افغانستان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ افغان میڈیا نے مقامی باشندوں اور دکانداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ ہفتوں کے دوران بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں 400سے 700 افغانی تک بڑھ گئی ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ 16 لیٹر کوکنگ آئل کی قیمت میں تقریباً 500 افغانی اضافہ ہوا ہے، چاول کی بوری 700 افغانی تک مہنگی ہو چکی ہے جبکہ آٹے کی بوری کی قیمت میں تقریباً 400 افغانی کا اضافہ ہوا ہے۔دکانداروں کے مطابق 16 لیٹر کوکنگ آئل جو پہلے 1550 افغانی میں فروخت ہوتا تھا اب 2000 افغانی سے زائد میں مل رہا ہے، اسی طرح چاول کی بوری کی قیمت 2300 افغانی سے بڑھ کر تقریباً 3000 افغانی ہو گئی ہے جبکہ آٹے کی بوری 1400 افغانی سے بڑھ کر 1800 افغانی تک جاپہنچی ہے۔