لاہور(خبر نگار،اپنے نامہ نگار سے)صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب نے مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور سہل بنایا ہے، ، اور تمام مکاتب فکر کے علماء سے مشاورت کے ذریعے امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر کی قیادت میں علمائے اہلحدیث کے ایک نمائندہ وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کے دفتر میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہلحدیث مساجد و مدارس کو درپیش مسائل، بالخصوص مساجد کے این او سی، رجسٹریشن میں آسانی، مدارس کی رجسٹریشن، فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صدر جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اہلحدیث مساجد کو این او سی اور رجسٹریشن کے معاملات میں عملی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث کئی مقامات پر مذہبی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔