لاہور(خصوصی نمائندہ)سول سیکرٹریٹ میں کرسمس کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے مسیحی برادری کے ساتھ مل کر خوشیاں بانٹیں۔ پنجاب حکومت کی ہدایات پر صوبہ بھر میں جاری کرسمس تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ اس تقریب میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحی ملازمین اور برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے بشپ ڈاکٹر مجید ناز عاشق اور دیگر شرکاء کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ مذہب ہمیں امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے تمام شہریوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔