آواز……
اُس کی پاٹ دار آواز پورے محلے میں گونجا کرتی تھی۔
سبزی کی ریڑھی دھکیلتے جب وہ گلی میں داخل ہوتا،
تو اس کی آواز ایک سے دوسرے کونے تک سنائی دیتی۔
کچھ روز پہلے مجھے سڑک پر کچھ ہجوم دکھائی دیا۔
اس کی ریڑھی الٹی پڑی تھی،
وہ سڑک پر بکھری سبزیوں کے درمیان بیٹھا تھا۔
شاید ایکسیڈنٹ ہوا تھا یا شہری انتظامیہ کی کارروائی تھی۔
’’یہ کیسے ہوا؟‘‘ میں نے اس کے کاندھے پر ہاتھ رکھا ۔
اس نے پُرنم آنکھوں کیساتھ سر اٹھا کر کچھ کہنا چاہا۔
مگر آج اُس کی پاٹ دار آواز حلق سے برآمد نہیں ہوئی،
اُس نے بکھری سبزیوں کی سمت اشارہ کیا،
اور رونے لگا۔