کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے فضل محمد فاؤنڈیشن اور رائٹ وے ڈرگ سینٹر کے زیر اہتمام بہترین کارکردگی ایوارڈ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اس مشن کو پورے بلوچستان تک وسعت دی جائے گی تاکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی میں نجی بحالی مراکز، پولیس اور این جی اوز نے جو نمایاں اور مثالی کردار ادا کیا ہے وہ لائقِ تحسین ہے حکومت آئندہ بھی ان اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے بعد انہیں خود کفیل بنانے کے لیے بحالی مراکز کے ساتھ ٹیکنیکل اور اسکل ڈویلپمنٹ سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں انہیں مختلف ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے حالیہ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام رجسٹرڈ بحالی مراکز کو ایک ایک ایمبولینس فراہم کی جائے گی تاکہ مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کیا جا سکے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہمدردی قابلِ تحسین ہےتقریب سے ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود بلوچستان محمد حنیف رند، فضل محمد فاؤنڈیشن کے سربراہ فضل محمد نورزئی، ماسٹر نادر، علی احمد ابابکی، حاجی علی احمد بارکزئی، عبدالمجید سربازی، سردار جمعہ خان بادیزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔