برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی رہائش گاہ کینسنگٹن پیلس میں سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرکے گھسنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کرسمس کی چھٹیاں گزارنے کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق ڈیرک ایگن نامی ایک شخص کینسنگٹن پیلس کے گراؤنڈ میں 2 بار داخل ہوا تھا۔
پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرکے کینسنگٹن پیلس کے گراؤنڈ میں داخل ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
مشتبہ شخص عدالتی کارروائی میں خلل ڈالنے اور سماعت کے دوران پیش ہونے سے انکار کرنے پر اب بھی پولیس کی حراست میں ہے۔
ڈسٹرکٹ جج سیم گوزی نے ایگن کے موجود نہ ہونے کے باوجود بھی کیس کو آگے بڑھایا۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے کہا کہ اس کیس کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ اس میں شاہی خاندان کی حفاظت شامل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے خدشات کی وجہ سے ان الزامات کو اٹارنی جنرل کی رضامندی کی ضرورت ہے لیکن اس معاملے میں شاہی خاندان کی حفاظت شامل ہے اس لیے اٹارنی جنرل کو قانونی چارہ جوئی کے لیے رضامندی دینے سے پہلے کسی مزید حفاظتی خطرات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔