ریاض (شاہد نعیم)سعودی وزارتِ خارجہ نے جنوبی یمن کے دھڑوں کو مسئلہ جنوب کے منصفانہ حل پر بات چیت کے لیے ریاض میں مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی دارالحکومت میں ان مذاکرات کی درخواست یمنی صدارتی قیادت کونسل کے صدر رشاد العلیمی نے کی تھی۔ مملکت نے تمام دھڑوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک جامع وژن تیار کرنےکے لیے اس میں شرکت کریں جو جنوبی عوام کی امنگوں کو پورا کر سکے۔علیحدگی پسند سدرن ٹرانزیشنل کونسل یا ایس ٹی سی نے حال ہی میں حضرموت اور المہرہ کی گورنریوں میں علاقوں پر قبضہ کیا ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایس ٹی سی کی یہ کارروائی مملکت کی قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کیلئے براہ راست خطرہ ہے۔