لاہور ( جنرل رپورٹر )پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر پروفیسر شاہد ملک نے محکمہ صحت و آبادی میں سیکرٹری صحت کی زبانی ہدایت پر 580 ڈاکٹروں کے ٹرانسفر آرڈرز روکے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹروں کے ٹرانسفر آرڈرز فوری طور پر جاری کیے جائیں اور انہیں تدریسی ہسپتالوں میں تعینات کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ سابق سیکرٹری صحت علی جان کے دور میں ٹیچنگ ہسپتالوں سے پرائمری اور پرائمری سے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹرانسفر ایک معمول کا عمل تھا، مگر جب سے موجودہ سیکرٹری صحت تعینات ہوئی ہیں، انہوں نے تمام ٹرانسفر کو سنٹرلائز کر کے عملاً روک دیا ہے، جس کی وجہ سے ڈاکٹر سفارشوں کے پیچھے بھاگنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔