لاہور(خبرنگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم اور جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام کے سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت اور 18 ویں سالانہ ختم بخاری شریف کے موقع پر ایوان اقبال ایجرٹن روڈ لاہور میں عظیم الشان ”روح تصوف کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصوف ایک ایمانی قوت ہے جو بندے کو شریعت کا پابند بناتی ہے۔ روح تصوف کانفرنس کے موقع پر مرکز صراط مستقیم اور جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا لاہور کے 210 علماء و قراء کو جبہ و دستار سے نوازا گیا۔ کانفرنس سے پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی، مفتی ارشاد احمد جلالی، مفتی محمد زاہد نعمانی جلالی، علامہ رضاء المصطفیٰ رازی جلالی، مولانا محمد صدیق مصحفی و دیگر نے شرکت کی۔