• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوکوں اور سڑکوں کی تعمیر و تزئین‘ جامع منصوبوں کو حتمی شکل دیدی گئی

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر کی خوبصورتی و انفراسٹرکچر بحالی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملتان شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری، شہری خوبصورتی اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کیلئے مختلف چوکوں اور سڑکوں کی تعمیر و تزئین کے جامع منصوبوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تیار کردہ پلان پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک دباؤ میں کمی، حادثات کے خطرات میں کمی اور شہری سہولتوں میں اضافہ ہے منصوبوں کے تحت علی چوک‘ افشار چوک، فیضِ عام چوک‘ اعوان چوک، نانڈلہ چوک اور بہاولپور بائی پاس چوک سمیت شہر کے مصروف ترین مقامات پر ٹریفک ری انجینئرنگ‘ جدید جیومیٹرک ڈیزائن، راؤنڈ اباؤٹس، سینٹرل آئی لینڈز اور مخصوص یوٹرنز تعمیر کیے جائیں گے۔ ان اقدامات سے آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ شمالی بائی پاس، بوسن روڈ، وہاڑی روڈ، ایم اے جناح روڈ، مسعود شاہ روڈ اور پیراں غائب روڈ پر بھی سڑکوں کی توسیع، مرمت اور دوہری سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ متعدد چوکوں پر جدید ٹریفک سگنلز اور رہنمائی بورڈز نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے شہر کے مختلف علاقوں میں پارکوں کی ترقی، فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی خوبصورتی، فوڈ اسٹریٹ کے ڈیزائن اور سبزہ زاروں کے اضافے کے منصوبے بھی اس پیکج کا حصہ ہیں۔ کمشنر عامر کریم خاں کے مطابق یہ تمام اقدامات ملتان کو ایک جدید، منظم اور خوبصورت شہر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
ملتان سے مزید