چین میں نوجوانوں کے درمیان تنہائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرنے والی ایک منفرد مگر سنجیدہ نام والی موبائل ایپ ’Are You Dead‘ (کیا آپ زندہ ہیں؟) غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکی ہے اور ملک کی نمبر ون پیڈ ایپ بن گئی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ ایپ اس وقت چین میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی پیڈ ایپ ہے، جس کی قیمت 8 یوان (تقریباً 1.15 امریکی ڈالر) رکھی گئی ہے۔
چار سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے موزوں قرار دی جانے والی یہ ایپ مئی میں ایک اسٹارٹ اپ کمپنی مون اسکیپ ٹیکنالوجیز کی جانب سے خاموشی سے لانچ کی گئی تھی، تاہم حالیہ ہفتوں میں یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ایپ کا استعمال نہایت سادہ ہے، صارفین کو ہر ایک یا دو دن بعد ایک بڑے بٹن کو دبا کر ایپ پر حاضری دینا ہوتی ہے تاکہ یہ تصدیق ہو سکے کہ وہ خیریت سے ہیں۔
اگر مقررہ وقت میں لاگ اِن نہ کیا جائے تو ایپ خودکار طور پر صارف کے نامزد کردہ ایمرجنسی رابطہ کو الرٹ بھیج دیتی ہے، جس میں ممکنہ خطرے کی نشاندہی کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ایپ کی مقبولیت چین میں ایک بڑے سماجی مسئلے کی عکاس ہے۔
تاہم، ایپ کی کامیابی کے باوجود اس کے نام پر تنقید بھی کی جا رہی ہے، ڈویلپرز نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایپ کا نام تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ بین الاقوامی سطح پر اس ایپ کو پہلے ہی ’Demumu‘ کے نسبتاً نرم نام سے متعارف کروایا جا رہا ہے۔