• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزارہ ٹاؤن پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دے دیا گیا، ایس ایچ او سمیت مکمل عملہ تعینات

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)حکومت بلوچستان کی منظوری کے بعد ہزارہ ٹائون پولیس چوکی کو تھانے کا درجہ دے کرایس ایچ او سمیت مکمل عملہ تعینات کر دیا گیا ۔کوئٹہ میں تھانوں کی تعداد 32ہو گئی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے ہزارہ ٹائون اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی موثر صورتحال یقینی بنانے کے لیے ہزارہ ٹائون پولیس چوکی کو باقاعدہ پولیس اسٹیشن کا درجہ دیدیا گیا ۔ جبکہ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت کی ہدایات پر پولیس اسٹیشن کے لیے اسٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او)بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہزارہ ٹائون پولیس اسٹیشن کو بروری پولیس اسٹیشن سے علیحدہ کر کے (بفریکیشن)قائم کیا گیا ہے تاکہ ہزارہ ٹائون اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔ پولیس اسٹیشن کا قیام فوجداری ضابطہ کار 1898 کے سیکشن 4 (ذیلی سیکشن 5)کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے، جس میں پولیس اسٹیشن کی حدود و دائرہ اختیار کی واضح نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ہزاہ ٹائون پولیس اسٹیشن کے لیے سب انسپکٹر کامران بھٹی کو ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا جبکہ ، ضروری پولیس نفری کی منظوری و تعیناتی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تاکہ پولیس اسٹیشن فوری طور پر موثر انداز میں کام شروع کر سکے۔پولیس حکام کے مطابق ہزارہ ٹائون پولیس اسٹیشن کے قیام سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی، عوامی تحفظ میں اضافہ ہوگا، پولیس کے فوری رسپانس سسٹم کو تقویت ملے گی اور شہریوں کو انصاف تک بروقت رسائی حاصل ہو سکے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اکتوبر 2022 میں سابق کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل آصف غفور نے ہزارہ ٹائون کا دورہ کیا تھا جس میں علاقہ مکینوں نے ان سے ہزارہ ٹائون میں تھانہ کے قیام کی درخواست کی تھی کور کمانڈر نے پولیس کے اعلی حکام کو تھانے بنانے کی ہدایت کی تھی جس پر اس وقت کے ڈی آئی جی اظفر میسر نے فوری طو ر پر تین کمرہ پر مشتمل ہزارہ قبرستان کے قریب پولی سچوکی قائم کر دی تھی جہاں ایک سب انسپکٹر اور تین کانسٹیبل اپنی خدامات سرانجام دے رہے تھے ذرائع نے بتایا کہ آئی جی بلوچستان پولیس محمد طاہر نے تھانے کی نئی عمارت کیلئے حکومت بلوچستان کو ایک مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے واضح رہے کہ ہزارہ ٹائون اور کرانی کی آبادی تین لاکھ سے زائد پر مشتمل ہے ۔ کوئٹہ میں نئے تھانے کے قیام کے بعد تھانوں کی تعداد 32ہو گئی ہے۔
کوئٹہ سے مزید