کوئٹہ ( پ ر) چیئرمین کیو ڈی اے اسفند یار کاکڑ نے گزشتہ روز زرغون ہاؤسنگ سکیم کا اچانک دورہ کیا اور اسکیم کے رہائشیوں کو درپیش مسائل معلوم کیے،زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر محمد رمضان ملا خیل نے اس موقع پر اسفند یار کاکڑ سے ملاقات کی اور انہیں پانی، نکاسئی آب ، گیس کی عدم موجودگی سمیت رہائشیوں کودرپیش دیگر مسائل سے آگا ہ کیا ۔ اور انہیں بتایا کہ پانی اور گیس کی عدم فراہمی سے مکینوں کو پریشان کر رکھا ہے اور ان بنیادی چیزوں کے بغیر مکین پریشان ہیں۔ محمد رمضان ملا خیل نے ان سے درخواست کی کہ وہ ہنگامی طور پر مکینوں کو گیس کی سپلائی کا بندوبست کریں۔بالخصوص پائب لائنوں کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع کی جائے۔ فی الوقت اسکیم میں ٹریکٹر کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور اس اٹھنے والے اخراجات مکینوں کیلئے نا قابل برداشت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اسکیم میں موجود خراب ٹیوب ویلوں کی بھی بحالی کا مطالبہ کیا ۔چیئرمین کیو ڈی نے تمام مسائل غور سے سنے اور وعدہ کیا کہ ان مسائل پر بہت جلد عمل درآمد ہو جائیگا۔محمد رمضان ملا خیل نے چیئرمین کی توجہ اس جانب بھی دلائی کہ اسکیم میں کمیونٹی سنٹر کیلئے پلاٹ موجود ہے اس پر جلد تعمیر کی جائے تاکہ اسکیم کے لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کی باؤنڈر ی وال کے معاملے پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔لیکن پانی، گیس اور سیوریج کا مسئلہ کئی سال گزرنے کے باوجود بھی ادھورا ہے اور خصوصی توجہ کا طلبگار ہے تاکہ اسکیم کے رہائشی سرد موسم کی سختیاں جھیلنے کے قابل ہو سکیں۔