کوئٹہ(خ ن)سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل زرعی تحقیق کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق جمعہ خان ترین نے انہیں محکمہ کی کارکردگی، جاری تحقیقی منصوبوں اور مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور عملی معائنہ کروایا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت کے ہمراہ سید قسیم آغا ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ، عبدالرزاق ریکی پرنسپل زرعی کالج، عبد القدیر رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی سمیت محکمہ زرعی تحقیق کے سینئر افسران و ڈائریکٹرز موجود تھے سیکرٹری زراعت نے 13 سال سے زیرِ تعمیر سنٹرل لیبارٹری کمپلیکس کا خصوصی دورہ کیا اور منصوبے کی تکمیل میں طویل تاخیر پر شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل کے لیے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹشو کلچر لیبارٹری، سینٹرل لائبریری، گرین ہاؤس، نرسری اور دستیاب مشینری کا بھی معائنہ کیا، جبکہ ٹشو کلچر کی افادیت سے متعلق انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔