متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ سندھ میں جو تباہی پیپلز پارٹی نے پھیر دی ہے وہ عوام کے سامنے لائیں گے۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے سندھ بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بہت ہو گیا ہے، جو تباہی پیپلز پارٹی نے پھیری وہ عوام کے سامنے لائیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سندھ کے شہروں اور دیہات میں بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں، حیدرآباد سے صوبے بھر میں سندھ بچاؤ مہم شروع کریں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ این ایف سی سے ملنے والے فنڈ کہاں خرچ ہوئے؟ کسی کو نہیں پتہ، ایسا لگتا ہے کہ سندھ کا دارالحکومت دبئی میں ہے، جہاں سارا پیسہ لگا ہوا ہے۔
حیدر عباس رضوی نے کہا کہ 27 ویں ترمیم میں ایم کیو ایم کے تقریباً تمام مطالبات منظور ہو گئے تھے لیکن پیپلز پارٹی نے نقب لگائی، حکومتِ سندھ نہیں چاہتی کہ سندھ میں ایک مضبوط بلدیاتی حکومت قائم ہو۔
دوسری طرف کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے سانحۂ گل پلازا کی تحقیقات کے لیے آزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر گل پلازا غیر قانونی تھا تو تفتیش کے لیے حاضر ہوں، تینوں میئرز نے قانون کے دائرے میں کام کیا، ریکوری آپریشن کے دوران دو ٹرک غائب ہونا تشویش ناک ہے۔