• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر سانحے کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی نورا کشتی شروع ہو جاتی ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہر سانحے کے بعد پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی نورا کشتی شروع ہو جاتی ہے۔

کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گل پلازا سانحے کے بعد کراچی میں ملک سے مایوسی کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ گل پلازا میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں تھا، سندھ حکومت کا یہ حال ہے کہ بارش ہو جائے تو پانی کی نکاس نہیں کر سکتے، آگ لگ جائے تو بجھا نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صوبائی، نہ وفاقی کنٹرول، کراچی کے مسئلے کا حل کراچی سٹی گورنمنٹ ہے، لوگ جسے منتخب کریں، اسے میئر ہونا چاہیے، قبضہ میئر نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ 10 سال بعد بھی مکمل نہیں ہوا، آپ کی کک بیکس اور کرپشن بڑھتی رہتی ہے، نااہل اور کرپٹ لوگ ہمارے اوپر مسلط ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کے لیے بنی ہوئی سڑک کو توڑ دیا، وفاق میں سب مل کر حکومت کر رہے ہیں، شہر کا بیڑا غرق کر رہے ہیں، شہرمیں پورشن کا دھندہ چل رہا ہے، یہ کون سے نعمت اللّٰہ اور عبدالستار افغانی کے دور کا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گل پلازا سانحے کے بعد یہاں کے لوگوں میں بے بسی کی کیفیت ہے، فائر فائٹر کے پاس آگ سے بچنے کا لباس نہیں ہے، فائر فائٹر کے پاس ماسک بھی موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم فروری کو شارع فیصل پر جینے دو کراچی کو مارچ ہوگا، اس مافیا سے کراچی کو چھڑانا ہوگا، سابق میئر نعمت اللّٰہ اور عبدالستار افغانی پر الزامات جھوٹ کا پلندہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مرکزی شاہراہ پر بلڈنگ موجود تھی، نعمت اللّٰہ خان نے اس میں صرف قانون سازی کی ہے، لوگ فراڈیوں کے پاس نہ جائیں جنہوں نے اس شہر کو برباد کیا، وزیر اعلیٰ سندھ کو نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید