پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار علی حیدر کا نیا گانا ’اجازت‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
امریکا میں مقیم پاکستانی گلوکار علی حیدر نے’جیو نیوز‘ کو اپنے اس نئے گانے کے بارے میں بتایا کہ اس گانے کو امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں فلمایا گیا ہے اور اسے گزشتہ اتوار کو باضابطہ طور پر ریلیز کیا گیا ہے۔
اس گانے نے ریلیز ہوتے ہی تہلکا مچا دیا ہے، یوٹیوب، فیس بک اور انسٹاگرام سب ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے بھرپور ردِعمل سامنے آیا ہے۔
صارفین کی جانب سے خاص طور پر گانے کی موسیقی کی دھنوں اور علی حیدر کے کلاسک انداز کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ علی حیدر کی آواز ’سدا بہار‘ ہے جبکہ بعض صارفین نے ویڈیو کی پروڈکشن، کمپوزیشن اور کاسٹ کی پرفارمنس کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔
علی حیدر کے نئے گانے کی مقبولیت نے ثابت کیا کہ ان کی موسیقی آج بھی سرحدوں سے بالاتر ہو کر سامعین کے دلوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔