معروف بھارتی اداکار نکول مہتا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار اِنہیں صرف اس وجہ سے فلم سے نکال دیا گیا تھا کہ وہ کردار کے لیے ’حد سے زیادہ خوبصورت‘ تھے۔
نکول مہتا نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ایک مشہور پروڈیوسر اور ہدایتکار کی فلم کے سیکوئل میں کام کرنے والے تھے۔ تمام تر معاملات طے ہو چکے تھے، فوٹو شوٹ بھی ہو گیا تھا اور شوٹنگ کے لیے تاریخیں بھی طے تھیں تاہم اچانک ہدایتکار نے فون کر کے اِنہیں آگاہ کیا کہ وہ اس کردار کے لیے بہت زیادہ خوبصورت ہیں۔
اداکار کے مطابق یہ کردار راجستھان کے ایک راجکمار کا تھا اور وہ اس بات پر حیران رہ گئے کہ ان کی شکل و صورت کا کردار سے کیا تعلق ہو سکتا ہے۔
نکول مہتا نے اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعد ازاں مجھے محسوس ہوا کہ شاید ہدایتکار کے پاس انکار کی کوئی اور وجہ نہیں تھی اس لیے اُنہوں نے یہ بہانہ بنایا۔
واضح رہے کہ اداکار نکول مہتا حال ہی میں ویب سیریز ’اسپیس جن: چندریان‘ میں نظر آئے تھے جو بھارت کے چندریان مشن پر مبنی فلم ہے۔