نیروبی برڈمین یا کینیا کے بے گھر پرندوں کا محافظ دراصل ایک 27 سالہ نوجوان ہے جو خود بھی بے گھر ہے، کینیا کے دارالحکومت نیروبی کی سڑکوں پر دن گزارنے والا یہ نوجوان زخمی پرندوں کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ اسی وجہ سے یہ نیروبی کے برڈمین کے نام سے مشہور ہے۔
راجرز اولو مگوٹا عام نوجوانوں جیسا نہیں، وہ نیروبی کی سڑکوں پر اپنے سر اور کاندھوں پر شکاری پرندے لیے گھومتا ہے اور اپنا زیادہ تر وقت ان کی دیکھ بھال میں صرف کرتا ہے۔ تاکہ پرندے تندرست ہونے کے بعد دوبارہ جنگل میں واپس جانے کے قابل ہو جائیں۔ کچھ پرندے تو اس سے اسقدر مانوس ہو جاتے ہیں کہ اسے چھوڑ کر جانا ہی نہیں چاہتے۔ جس پر اسے کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ جو تھوڑا بہت کھانا اسے میسر آ جائے وہ خوشی خوشی انکے ساتھ بانٹ لیتا ہے۔
پہلی بار دنیا کی توجہ اس کی جانب 2025 میں نیروبی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران مبذول ہوئی۔ نیروبی میں ہزاروں نوجوان حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے تو راجرز نے بھی انکے ساتھ شامل ہوگیا۔
اس کی ظاہری حالت نے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ہدف بھی بنایا، جو اسے مظاہرین کا رہنما سمجھے اور اس پر تشدد کیا۔ لیکن اس تشدد کے مثبت پہلو بھی سامنے آئے، کیونکہ اس کی اور اس کے پرندوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں اور وہ کسی حد تک ایک علامت بن گیا۔
راجرز اکثر لیک ناکورو نیشنل پارک جاتا ہے تاکہ فلیمنگوز، اسٹورکس، چیل اور بے شمار دیگر پرندوں کو دیکھ سکے۔ پانچ سال پہلے ایک دن اس وقت اسکی زندگی بدل گئی جب ایک زخمی چیل کا بچہ اس کے قریب آ گرا۔ وہ ایک درخت کے نیچے بیٹھا دیگر بے گھر لوگوں کے ساتھ عطیہ شدہ کھانا بانٹ رہا تھا، اس نے پرندے کو بھی کھانا دیا۔
جلد ہی انکے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہو گیا، اس نے اسکا نام جانسن رکھا۔ اور اب یہ دونوں الگ نہ ہونے والے دوست بن گئے ہیں۔ لوگ اسکے پاس دوسرے زخمی پرندے بھی لاتے ہیں۔ اگرچہ وہ کوئی تربیت یافتہ نہیں، لیکن وہ پرندوں کی دیکھ بھال کرتا ہے اور انہیں صحتیابی بعد جنگل میں آزاد کر دیتا ہے۔ اسکا کہنا ہے کہ اس نے بیس اقسام کے درجنوں پرندوں کو ریسکیو کیا۔