امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق بچوں کے جنسی استحصال کے ایک سنگین مقدمے میں 2 افراد کو 80 اور 70 سال قید کی سزائیں سنا دی گئیں۔
یہ سزائیں وفاقی عدالت نے بچوں کے جنسی استحصال، فحش مواد کی تیاری، تقسیم اور سازش کے الزامات ثابت ہونے پر سنائیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ٹیکساس کے شہر یولیس سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ وسام شریف کو 960 ماہ قید اور عمر بھر کی نگرانی کی سزا دی گئی ہے۔
عدالت نے ایمی، وکی اینڈ اینڈی ایکٹ کے تحت اس پر 1 لاکھ 35 ہزار ڈالرز خصوصی جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
وسام شریف نے جون 2025ء میں بچوں کے جنسی استحصال اور چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق متعدد الزامات میں جرم قبول کیا تھا۔
اسی پریس ریلیز کے مطابق شریک ملزمہ 50 سالہ بلیک میلر باراکات المعروف ہمنہ کو 840 ماہ قید اور عمر بھر کی نگرانی کی سزا سنائی گئی جبکہ اس پر 30 ہزار ڈالرز جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
بلیک میلر باراکات نے بھی جون 2025ء میں بچوں کے جنسی استحصال اور فحش مواد رکھنے اور تقسیم کرنے کے الزامات تسلیم کیے تھے۔
ایف بی آئی کے مطابق وسام شریف نے مذہب کا استعمال کرتے ہوئے اپنی شاگرد باراکات کو یہ گمراہ کن نظریہ دیا کہ جنسی لذت کے ذریعے اللّٰہ کے قریب ہوا جا سکتا ہے۔
عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2024ء میں دونوں ملزمان نے بالغ فحش مواد دیکھنے اور شیئر کرنے کے بعد ایک 7 سالہ بچے کو یہ ویڈیوز دکھانے اور پھر جنسی حرکات پر مجبور کیا تاکہ چائلڈ پورنوگرافی تیار کی جا سکے۔
یہ مقدمہ پراجیکٹ سیف چائلڈ ہڈ کے تحت درج کیا گیا، جو امریکی محکمۂ انصاف کا ملک گیر پروگرام ہے اور بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے خلاف وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں کو یکجا کرتا ہے۔