• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورینیئم کی افزودگی سے دستبردار نہیں ہونگے، ایرانی وزیر خارجہ

کراچی (نیوز ڈیسک)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کے روز واضح کر دیا کہ تہران یورینیئم کی افزودگی سے دستبردار نہیں ہوگا اور نہ ہی وہ امریکہ کی طرف سے جنگ کی دھمکیوں سے مرعوب ہو گا۔ تہران میں منعقدہ ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ ایران کو واشنگٹن پر زيادہ اعتماد نہيں ہے اور اسے شک ہے کہ امریکہ تازہ مذاکرات کو سنجیدگی سے نہيں لے رہا۔امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس ابراہم لنکن کی بحیرہ عرب آمد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’خطّے میں اُن کی فوجی نقل و حرکت ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتی۔‘‘ عراقچی نے فورم کے شرکاء کو بتایا کہ ایران کی کوشش ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے اس پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کی جائيں، جس کے بدلے وہ جوہری پروگرام سے متعلق ’’اعتماد سازی کے متعدد اقدامات‘‘ پر غور کر سکتا ہے۔امریکہ اور ایران نے کئی برسوں میں پہلی بار جمعے کے روز عمان میں مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا۔ مغربی ممالک اور اسرائیل، جسے مشرقِ وسطیٰ کی واحد ایٹمی طاقت تصور کیا جاتا ہے، کا کہنا ہے کہ ایران جوہری بم بنانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایران اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید