اسلام آباد(جنگ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کو وزیر اعظم،میاں شہباز شریف اور وفاقی وزراء کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی سے روکنے کا حکم جاری کر تے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ، عدالت نے مذکورہ بالا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی،چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہائی کورٹ کے16 مئی 2025 کے حکمنامہ کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیاکہ درخواست میں ترمیم کی اجازت دینا عدالتی اختیارات سے تجاوز اور طے شدہ مقدمات کو حتمی قرار دینے کے اصولوں کے منافی ہے، یہ معاملہ سراسر خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی قوانین سے جڑا ہوا ہے۔