• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خشک سالی کے متاثرین کو بروقت مالی امداد یقینی بنائی جائے، مراد شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری اور تھرپارکر و عمرکوٹ کے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ 5ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کے تحت خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی بروقت فراہمی، شفاف عملدرآمد اور مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے، ضلع وار امداد کے مستحق افراد کے اعدادوشمار اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے براہ راست نقد امداد کی فراہمی کے مالی اثرات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے اعادہ کیا کہ حکومت ہر مستحق خاندان کو 8 ہزار روپے تین قسطوں میں فراہم کرے گی، پہلی قسط یکم دسمبر، دوسری یکم جنوری اور تیسری یکم فروری کو جاری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، انتظامی تاخیر یا رابطہ کاری میں خامیوں کے باعث کوئی مستحق خاندان امداد سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
اہم خبریں سے مزید