کراچی (رفیق مانگٹ )بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر سہارنپور میں پولیس اہلکاروں نے پروٹوکول کی غیر معمولی غلطی کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو سپریم کورٹ کے ایک جج کے بجائے گارڈ آف آنر پیش کردیا۔ سہارنپور میں پولیس اہلکاروں نے اویسی کو جج سمجھ کر سلامی دیدی،SSP کا تحقیقات کا حکم، اسدالدین اویسی کا کہنا ہے کہ مجھے گارڈ آف آنر دیئے جانے کی وجہ معلوم نہیں تھی،پولیس کی ہدایت پر گارڈ آف آنر وصول کیا۔ واقعے کے بعد پولیس حکام نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔بھارتی اخبار کے مطابق سہارنپور کے سرکٹ ہاؤس میں پولیس اہلکار سپریم کورٹ کے ایک جج کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کرنے کے لیے تعینات تھے۔ تاہم جج کی مقررہ آمد سے پہلے اسدالدین اویسی سرکٹ ہاؤس پہنچ گئے، جہاں پولیس اہلکاروں نے غلط فہمی کے باعث انہیں ہی گارڈ آف آنر پیش کر دیا۔اویسی پولیس اہلکاروں کی جانب سے سلامی پیش کیے جانے پر کھڑے ہوگئے اور گارڈ آف آنر وصول کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہوگئے۔ بعدازاں انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ پولیس اہلکار انہیں گارڈ آف آنر کیوں پیش کر رہے ہیں، انہوں نے صرف اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کیا۔واقعے کے بعد پولیس کے اندر پروٹوکول پر عمل درآمد اور ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے۔ سہارنپور کے ایس ایس پی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔