اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خیبر پختونخوا میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک بھر کے مدارس کو درپیش دیرینہ انتظامی اور مالی مشکلات کے حل کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں اسی نوعیت کے اقدامات کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی صدارتی آرڈیننس کا اجرا مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ان مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت ہے جو گزشتہ تقریباً 26 سال سے موجود تھے۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دینی مدارس کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے قیادت اور خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ذاتی دلچسپی لی جبکہ وزیراعظم اور صدر مملکت نے بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے مسائل اور مشکلات کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت، علماء کرام اور مدارس کے نمائندوں کی مشترکہ کوششیں قابل تحسین ہیں۔قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کمیٹی نے نہ صرف انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد، بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرے میں رواداری کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ دینی مدارس اور حکومت کے درمیان رابطوں اور مؤثر رابطہ کاری میں بھی اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔