حیدرآباد (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہاجر اور سندھی قوم پرستی کی بنیاد پر لوگوں کو لڑانے والا مافیا چالیس برس سے مل کر سندھ پر حکومت کررہا ہے‘ ملک پر مسلط حکمرانوں نے جان بوجھ کر نوجوانوں کو تعلیم سے محروم رکھا‘ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے زیور سے آراستہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک اسکول لطیف آباد حیدرآباد میں بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام اس تقریب میں مفت آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے خواہش مند ہزاروں بچوں اور بچیوں نے امتحان دیا۔ امیر سندھ کاشف سعید شیخ‘ امیر ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید‘ قیم سندھ محمد یوسف‘ صدر الخدمت سندھ ڈاکٹر تبسم جعفری اور صدرالخدمت حیدرآباد نعیم عباسی نے بھی شرکاءسے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی کے معاون خصوصی عمیر ادریس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں پانچ سے پندرہ برس کے تین کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں‘ حکمران نے جنریشن زی کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ہے‘ ملک میں تیس سال کی عمر تک کی آبادی کا تناسب پنسٹھ فیصد کے قریب ہے اگر حکومت مواقع فراہم کرے تو یہ سب نوجوان آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرکے آئی ٹی برآمدات میں اربوں ڈالر کا اضافہ کرسکتے ہیں‘ آئی ٹی برآمدات اس وقت نہ ہونے کے برابر ہیں اور یہ حکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے‘ نوجوان نسل الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز سے فائدہ اٹھائے‘ تعلیم بھی حاصل کرے اور فرسودہ نظام اور مسلط طبقات سے جان چھڑانے کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ بھی دے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حیدرآباد میں ووکیشنل ٹریننگ اور آئی ٹی کورسز کے لیے بہترین کیمپس قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ یونیورسٹی‘ مہران یونیورسٹی اور دیگر جامعات کو اپ گریڈ (Up grade) کیا جائے‘ سندھ حکومت اکیس لاکھ آبادی کے شہر حیدر آباد میں یونیورسٹی بنائے‘ خواتین کے لیے الگ یونیورسٹی قائم کی جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زی-کنیکٹ (Z-Connect) پروگرام کی تحسین کی اور کہا کہ اس پروگرام کی رجسٹریشن تیرہ لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور مطلوبہ ہدف بیس لاکھ ہے‘ اس پروگرام کے تحت بچوں اور بچیوں کو مفت آئی ٹی کی تربیت‘ ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے‘ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ بھی زی-کنیکٹ کا حصہ ہے‘ جماعت اسلامی اور الخدمت نوجوانوں کو چھوٹے کاوربار کے لیے بلاسود قرض فراہمی کے منصوبے کا بھی جلد آغاز کرے گی‘ نوجوانوں کی طاقت سے ملک میں بہتری لائیں گے۔