• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائبریریوں کے قیام اور نئے مصنفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، ضیاء عباس

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) لائبریریوں کے قیام اور نئے مصنفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی،ضیاء عباس۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سیاست دان اور سابق وفاقی وزیر ضیاء عباس کے 13 سالہ پوتےسید شمریز عباس کے پہلے تحریر کردہ سائنس فکشن ناول ایک دنیا کا دوبارہ جنم(A World Reborn ) کی تقریب رونمائی اتوار کو فریئر ہال لائبریری میں ہوئی ۔تقریب میں مصنف کے دادا ضیاء عباس ۔والدسید رضا عباس،والدہ سدرا جیین رضا سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان برنس کمیونٹی اور دیگر نے شرکت کی۔مصنف سید شمریز عباس نے بتایا کہ یہ ناول تباہ حال زمین کی کہانی بیان کرتا ہے ۔جہاں عالمی طاقتیں اوریگون کور پر قبضے کے لیے برسرِ پیکار ہیں،ایک ایسا (Sphere) جس میں زمین کو اس کی سابقہ شان و شوکت میں بحال کرنے کی طاقت موجود ہے۔یہ ناول ایکشن، مستقبل کی جنگوں، اور جذباتی قربانیوں کو نمایاں کرتے ہوئے بقا، اتحاد اور امید جیسے موضوعات کو اجاگر کرتا ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی ضیاء عباس نے کہا کہ کتابوں سے دوستی ہی معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرسکتی ہے۔ہمیں لائبریریوںکے قیام اور نئے مصنفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔جنگ نہیں مذاکرات سے مسائل حل ہوتے ہیں۔مصنف کے والد اور والدہ نے کہا کہ سید شمریز عباس کراچی پاکستان سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ مصنف ہیں،اس کی عکاسی کی اور اس کا ڈیزائن بھی خود تیار کیا، جو ان کے سائنس فکشن، ورلڈ بلڈنگ، اور تخیلاتی کہانی نویسی کے شوق کی عکاسی کرتا ہے،ایک ایسی دنیا جسے وہ مستقبل میں مزید کہانیوں کے ذریعے وسعت دینا چاہتے ہیں تاکہ لوگ انہیں پڑھیں، پسند کریں، اور ان پر غور کریں۔شرکاء نے مصنف کی کاوش کو سراہا۔
ملک بھر سے سے مزید