• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ بھر میں گریڈ 1 سے 4 کی سرکاری بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف

دادو (نامہ نگار جاوید ناریجو) سندھ بھر میں اسکیل ایک سے چار تک کی سرکاری ملازمتوں کی بھرتی میں مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کا انکشاف سامنے آنے پر پیپلز پارٹی کے پرانے اور سینئر جیالوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ککڑ پریس کلب دادو کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کر دی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کی بھرتی میں پسند و ناپسند، پارٹی پالیسیوں سے انحراف اور تنظیمی کوٹے کو نظر انداز کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں گریڈ ایک سے چار تک 45 سے زائد ملازمتوں میں مبینہ طور پر دھوکہ دہی کی گئی۔ بھوک ہڑتالی کیمپ پر موجود پیپلز پارٹی کے پرانے جیالوں اور مختلف یونین کونسلوں کے عہدیداران، پرانے اور قربانیاں دینے والے کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سینئر جیالوں نے الزام عائد کیا کہ تعلقہ صدر اعجاز چانڈیو نے سینئر اور دیرینہ کارکنوں کے نام فہرست سے خارج کر کے من پسند اور مبینہ جعلی نام شامل کیے، جو تنظیمی اصولوں اور پارٹی پالیسی کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ساری زندگی پارٹی کے لیے وقف کی، ہر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، مگر آج ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور سینئر جیالوں کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔ بھوک ہڑتالی جیالوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ جعلی فہرست فوری طور پر منسوخ کر کے شفاف نئی فہرست جاری کی جائے جس میں حقدار اور سینئر کارکنوں کے نام شامل ہوں۔ بھوک ہڑتالی جیالوں نے مزید مطالبہ کیا کہ نااہل تعلقہ صدر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اور پارٹی میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو اور ضلعی صدر پیر مجیب الحق سے ازخود نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

ملک بھر سے سے مزید