اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں رواں ہفتے توشہ خانہ کیس سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کا امکان ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ بلغاری سیٹ کیس میں سزا معطلی کی درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ اپیل پر حتمی فیصلے تک بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل کر کے انہیں رہا کیا جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں خون کا لوتھڑا بننے کی وجہ سے نظر شدید متاثر ہوئی ہے اور بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے، پمز ہسپتال کے ڈاکٹر محمد عارف کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کا علاج جیل کی حدود میں ممکن نہیں ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا کہ اسپیشل جج سینٹرل ون اسلام آباد نے 20 دسمبر 2025 کو بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر سزا سنائی۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ سیاسی مخالفین کے ایما پر ایف آئی اے اور نیب جیسے اداروں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی اور گواہ انعام اللہ شاہ کے بیانات میں تضادات سے بھرپور ہیں۔