کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین واٹر کارپوریشن و میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن کےپمپنگ اسٹیشنز کو سولرائز کرنے کے پلان پر کام کر رہے ہیں، نئے پمپس کی تنصیب سے گارڈن،اولڈ سٹی ایریا، میٹھا در اور کھارادر ، سولجر بازار،ماڑی پور،چنیسر ٹاون،جناح ٹاون اور گلشن ٹاون کے علاقوں میں پمپنگ میں واضح اضافہ ہوا ہے اور بعض مقامات پر پانی سات کی جگہ بارہ فٹ تک پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سوک سینڑ گلشن اقبال کے قریب ایل ایس آر اور سی آئی 60 واٹر پمپنگ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور نئے نظام کے افتتاح کے موقع پر کیا، اس مو قع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر موجود تھے، میئر کراچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے مسئلے پر سیاست نہیں بلکہ اجتماعی کام ہونا چاہیے، ایل ایس آر پر دو نئے 220 ہارس پاور جبکہ سی آئی 60 پر تین جدید 215 ہارس پاور موٹرز لگائی گئی ہیں، اس کے علاوہ ایل ایس آر پر 500 کے وی اے اسٹینڈ بائی جنریٹر کی تنصیب سے نظام مزید مستحکم ہوا ہے، ان اقدامات سے روزانہ 40 سے 50 لاکھ گیلن اضافی پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ندی کے اندر کے تھری (K-III) منصوبے پر بھی کام جاری ہے اور 31 مئی تک اسے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائے کیونکہ بجلی کے بریک ڈاؤن سے پانی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر اور پمپنگ انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچتا ہے، انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی شہر کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں، احتجاج اور تنقید کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ رمضان میں افطار کے وقت تمام سٹی وارڈن سڑکوں پر ہونگے۔