کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نےکہا ہے کہ جماعت اسلامی کے پرامن اور نہتے کارکنوں پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنا پیپلز پارٹی کی دہشت گردی ہے۔ ریڈ زون کی بات کر نے والی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پورے کراچی کو ڈیتھ زون بنا دیا ہے،عوام کے حق کے لیے آواز بلند کر نے والوں پر شیلنگ، لاٹھی چارج، دہشت گردی کے مقدمات کیا یہی پیپلز پارٹی کی جمہوریت ہے؟،یہ بات انھوں نے منگل کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کے دوران کہی،منعم ظفر نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک جاری رہے گی، رمضان المبارک میں کراچی بھر میں 13مقامات پر بڑے جلسہ عام کیے جائیں گے اور بڑے پیمانے پر رابطہ عوام مہم چلائی جائے گی، عوام کو بیدار،متحریک اور منظم ، حکومت کو حق دینے پر مجبور کیا جائے گا،ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو میگا سٹی گورنمنٹ دی جائے اور تمام ادارے کراچی کو واپس لوٹائے جائیں۔