کراچی(جنگ نیوز)معروف سائنسدان اور سابق وفاقی وزیر پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے ہمدرد یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کوبہترین تحقیق کے حصول کے لئے وقف کردیں کیوں کہ ماضی کے بر عکس یہ علم ہی ہے جو آج پوری دنیا کی معیشتوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ہمدرد یونیورسٹی کے 28ویں کانووکیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد نے گریجویٹس پر زور دیا کہ جب آپ زندگی میں آگے بڑھیں تو ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا بھی خیال اوراحساس کریں، لوگوں کی مدد کریں،انہوں نے گریجویٹس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمدرد ی کو اپنے اعمال کی رہنمائی کرنے دیں۔ دوسروں کے ساتھ وقار اور انصاف کے ساتھ برتاؤ کریں اور اس کو یقینی بنائیں کہ ان کی تعلیم معاشرے کے لئے فائدہ مند ثابت ہو۔کانووکیشن سے ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین اور رجسٹرار کلیم احمد غیاث نے بھی خطاب کیا۔28ویں کانووکیشن میں مجموعی طور پر 1912طلبا و طالبات اور اسکالرز کو ڈگریاں اور اسناد تقویض کی گئیں۔