کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی،کچے دودھ اور چکن میں خطرناک اینٹی بائیوٹک ریزسٹنس کا انکشاف، ماہرین کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس کے استعمال پر سخت پابندی اور نگرانی ہونی چاہئے، فوری اقدامات نہ کئے تو یہ ’خاموش وباء‘ مزید سنگین ہو سکتی ہے، خوراک میں AMR کی مربوط نگرانی کا نظام مضبوط کیا جائے،دودھ اور گوشت کی باقاعدہ مائیکرو بیالوجیکل ٹیسٹنگ لازمی ہو۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں خوراک کے ذریعے پھیلنے والی اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (AMR) کے بڑھتے ہوئے خطرات پر سنجیدہ تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ یہ انکشاف اسلام آباد فوڈ بورن اے ایم آر سے متعلق منعقدہ دوروزہ قومی کانفرنس میں سامنے آیا، جس کا انعقاد فوڈاینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن آف دی یونائیٹڈ نیشنز(ایف اے او)پاکستان نے جمہوریہ کوریا کی وزارتِ فوڈ اینڈ ڈرگ سیفٹی اور ملکی شراکت دار اداروں کے تعاون سے کیا۔ کانفرنس میں صحت، خوراک، ویٹرنری اور ماحولیاتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی اور ون ہیلتھ فریم ورک کے تحت پاکستان میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کے بڑھتے ہوئے خطرات کا جائزہ لیا گیا۔