• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبہ کی افسوسناک وفات، فاطمہ جناح میڈیکل کالج سے رپورٹ طلب

کراچی (سید محمد عسکری) طالبہ کی افسوسناک وفات،فاطمہ جناح میڈیکل کالج سے رپورٹ طلب، پی ایم ڈی سی نے واقعے کے بعد ہاسٹل میں نافذ کئے گئے حفاظتی انتظامات کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کی 22سالہ فائنل ایئر میڈیکل طالبہ کی افسوسناک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی سنگینی اور اس کے طلبہ برادری پر ممکنہ اثرات کے پیشِ نظر کالج انتظامیہ سے واقعے سے متعلق حقائق پر مبنی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہے، تاکہ کونسل صورتِ حال سے باخبر رہ سکے اور ضرورت پڑنے پر مناسب معاونت یا رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ بیان کے مطابق فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات روز کے اندر واقعے کی تاریخ، وقت اور حالات سے متعلق ادارہ جاتی ریکارڈ، کسی بھی انکوائری یا حقائق جانچنے والی کمیٹی کی تشکیل، اس کی ساخت اور دائرۂ کار، ابتدائی نتائج یا رپورٹ مکمل ہونے کی متوقع مدت سے آگاہ کرے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لئے ذہنی صحت کی معاونت اور کونسلنگ سروسز کو مضبوط بنانے کے لئے پہلے سے کئے گئے یا مجوزہ اقدامات، اور واقعے کے بعد ہاسٹل میں نافذ کئے گئے حفاظتی انتظامات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ پی ایم ڈی سی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ ملک کے مستقبل کے صحت کے نظام کے لئے ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور اس نوعیت کے واقعات نہایت تشویشناک ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے سانحات اس بات کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں کہ میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں طلبہ کے لئے معاونتی نظام، بالخصوص ذہنی صحت کی سہولیات، کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ُکونسل نے واضح کیا کہ اس کا مقصد طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت کا تحفظ یقینی بنانا اور ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جو محفوظ، معاون اور طلبہ کی ضروریات کے لئے بروقت اور مؤثر طور پر جواب دہ ہو۔ پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستند کونسلرز اور ماہرینِ نفسیات کی خدمات حاصل کریں، خفیہ کونسلنگ سروسز پر مشتمل مؤثر طلبہ معاونتی نظام قائم کریں اور طلبہ کی فلاح و بہبود کی مسلسل نگرانی کریں، بالخصوص ذہنی دباؤ، بے چینی، ڈپریشن اور ذہنی تھکن کی علامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کونسل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بروقت کونسلنگ اور پیشگی ذہنی صحت کی معاونت ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہے گی تاکہ طلبہ کی فلاح و بہبود کے لئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

ملک بھر سے سے مزید