اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان کو امریکی صدر کے ’بورڈ آف پیس‘ میں اسرائیل یا اس کے وزیر اعظم نیتن یاہو کی موجودگی سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان سفیر طاہر حسین اندرابی نے اسلام آباد میں ہونے والی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اس معاملے پر پاکستان کا واضح موقف پیش کیا۔ روزنامہ جنگ کے نمائندے کی جانب سے دفتر خارجہ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں، ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کسی ملک (اسرائیل) یا اس کے وزیر اعظم (نیتن یاہو) کا نام لیے بغیر اپنا موقف برقرار رکھا کہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں کسی ایک ملک یا دوسرے ملک کی شرکت ہمارا براہِ راست مسئلہ یا سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے امن بورڈ میں ایک خاص مقصد کے لیے شمولیت اختیار کی ہے، یعنی غزہ کی تعمیر نو اور فلسطینی مسائل کا طویل المدتی حل۔