• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ گل پلازہ، ڈی جی ایس بی سی اے کو سوالنامہ جاری، تمام ریکارڈ بھی طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر/نیوز ایجنسی )سانحہ گل پلازہ، ڈی جی ایس بی سی اے کو سوالنامہ جاری ، تمام ریکارڈ بھی طلب، ہم نے پوچھا آپریشن کمانڈ کس کے پاس تھی، بتایا گیا کوئی نہیں تھا،تحقیقاتی کمیشن،سب سے پہلےجائے وقوعہ پہنچا،ڈی سی سائوتھ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سانحہ گل پلازہ کیلئے قائم تحقیقاتی کمیشن نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) کو سوالنامہ جاری کردیا۔جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں کمیشن نے ڈی جی ایس بی سی اے کو 47 سوالات پر مشتمل سوالنامہ جاری کرتے ہوئے جوابات مانگ لئے جب کہ کمیشن نے ایس بی سی اے سے گل پلازہ کا تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔جسٹس آغا فیصل نے کہا کہ ایس بی سی اے کہتا ہے جب تک شکایت نہ ہو کارروائی نہیں کرسکتے، آج ایک اور واقعہ ہوا ہے جس میں15 لوگ جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ 40سے 50گز پر وہ عمارت بنی ہوئی تھی، 40 سے 50 گز پر ہائی رائز عمارت کی اجازت ہوسکتی ہے، اس عمارت کی بھی کسی نے شکایت نہیں کی ہوگی کمیشن نے ڈی سی ساتھ جاوید کھوسو سے سوال کیا کہ ہم نے پوچھا آپریشن کمانڈ کس کے پاس تھی، بتایا گیا کوئی نہیں تھا، اس پر جاوید کھوسو نے کہا کہ جب آگ لگی میں قریب ہی تھا، سب سے پہلے پہنچا، پروٹوکول کے تحت ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کیا اور ایس ایس پی سٹی بھی فوری پہنچے تھے۔علاوہ ازیں اسٹاف رپورٹر کے مطابق سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن اجلاس شروع ہوا تو صدر گل پلازہ ایسوسی ایشن تنویر پاستا کمیشن اجلاس میں غیر حاضر تھے۔ جسٹس آغا فیصل نے استفسار کیا کہ گل پلازہ ایسوسی ایشن کے صدر کہاں ہیں؟ باہر آواز لگوائیں تنویر پاستا کے لئے نوٹس نکلوائیں۔ کمیشن نے سینئر ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی سید عدنان حیدر زیدی کو روسٹرم پر بلایا۔ کمیشن نے پلاٹ کی قانون حیثیت اور لیز سے متعلق سوالات ۔ جسٹس آغا فیصل نے استفسار کیا کہ گل پلازہ کے اطراف روڈ نیٹ ورک آپ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے؟ عدنان حیدر نے کہا کہ ہم صرف لیز دیتے ہیں پلاٹ کی۔ جسٹس آغا فیصل نے پوچھا کہ روڈ پر تجاوزات بھی آپ کا معاملہ نہیں؟ گل پلازہ کا ٹائٹل کیا ہے؟ سینئر ڈائریکٹر لینڈ نے کہا کہ 1884 میں ایسٹ انڈیا کمپنی کو 99 سالہ لیز پر دی تھی۔ میونسپلٹی نے لیز دی تھی۔ جسٹس آغا فیصل نے استفسار کیا کہ ان کو زمین کیسے دی؟ کیا کسی قانون کے تحت زمین ملی تھی؟رجسٹر میں انٹری سے کیا ملکیت ہوجاتی ہے زمین گرانٹ کی گئی تھی، کس نے لیز ایشو کی تھی؟ ہماری رائے میں لیز سرکاری ادارہ یا قانون دیتا ہے۔ کوئی انفرادی شخص یا ممبر لیز نہیں دے سکتا۔ سینئر ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی سید عدنان حیدر زیدی کمیشن کو مطمئن نہ کرسکے۔ کمیشن کے سربراہ نے پوچھا آپ کس کو رپورٹ کرتے ہیں؟
اہم خبریں سے مزید