• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ECC، وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 25 کے بجائے 19 ارب روپے کے اجراء کی منظوری

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کیلئے 25ارب کے بجائے 19 ارب روپے کے اجراء کی منظوری دیدی جبکہ اضافی فنڈز کا جائزہ ضرورت اور دستیاب مالی گنجائش کے مطابق لیا جائیگا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم رمضان ریلیف پیکچ کا مجموعی حجم 39ارب روپے ہے جس میں سے 10ارب روپے پہلے ہی بی آئی ایس پی کےذریعے دستیاب ہیں جبکہ باقی 29ارب روپے ای سی سی کےذریعے تین مختلف مراحل میں دیئے جانے ہیں ، ای سی سی کا اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداورنگزیب کی زیر صدارت ہوا،وزیرخزانہ نے ویڈیو لنک کے ذریعےاجلاس کی صدارت کی۔ای سی سی اجلاس میں وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے لیے 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری سے متعلق سمری ای سی سی میں پیش کی گئی تھی ، کمیٹی کو بتایاکہ موجودہ مالی سال کے لیے رمضان پیکیج کی مد میں پہلے ہی 19 ارب روپے بجٹ میں مختص کیے جا چکے اور ضرورت کے مطابق باقی ماندہ فنڈز جاری کیے جائیں گے ،ای سی سی نے فوری طور پر 19 ارب روپے کے اجراء کی منظوری دے دی تاکہ رقوم کی بروقت تقسیم کا آغاز ممکن بنایا جا سکے جبکہ اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ اضافی فنڈز کا جائزہ ضرورت اور دستیاب مالی گنجائش کے مطابق لیا جائے گا، کمیٹی نے سمری میں تجویز کردہ آپریشنل اخراجات کے جزو پر بھی غور کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اخراجات کی مفصل تفصیلات فراہم کی جائے۔
اہم خبریں سے مزید