کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن میں اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کا اعلان، تقرریاں اسٹریٹجک پلاننگ، کوالٹی اشورنس اور تحقیقی شعبوں میں ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نئے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد نے وفاقی وزیر تعلیم۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر اعلیٰ تعلیمی شعبے میں پالیسی سازی، معیارِ تعلیم، تحقیق اور انتظامی قیادت کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف اعلیٰ سطح کے عہدوں پر تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اسٹریٹجک پلاننگ کے رکن، کوالٹی اشورنس کے رکن اور ریسرچ، ڈویلپمنٹ و انوویشن کے رکن کی تقرری دو سال کے لئے کی جائے گی، جس میں توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ ان تمام عہدوں کے لئے تنخواہ 9 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ (تمام مراعات سمیت) مقرر کی گئی ہے، جب کہ ہر عہدے کے لئے ایک ایک آسامی مختص ہے۔ اسٹریٹجک پلاننگ اور کوالٹی اشورنس کے ارکان کی تعیناتی اسلام آباد اور پنجاب میں ہو گی، جب کہ ریسرچ، ڈویلپمنٹ و انوویشن کے رکن کی تعیناتی سندھ (کراچی) میں کی جائے گی۔ ان عہدوں کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 62 سال مقرر ہے۔ اشتہار کے مطابق ان عہدوں کے لئے امیدوار کے پاس کسی بھی شعبے میں پی ایچ ڈی اور کم از کم 20 سال کا نمایاں تجربہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، جب کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں یا سرکاری و نجی شعبے میں قیادت، پالیسی سازی، اسٹریٹجک پلاننگ، پروگرام مینجمنٹ اور گورننس کا تجربہ بھی شرط ہے۔ ایچ ای سی نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہے) کے لئے منیجنگ ڈائریکٹر کی اسامی کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ عہدہ بھی دو سالہ معاہدے پر ہو گا، جس کے لئے تنخواہ 9 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔ اس عہدے کے لئے اعلیٰ ڈگری، تعلیمی قیادت، ادارہ جاتی ترقی، انسانی وسائل کی تربیت، گورننس، ڈیجیٹل لرننگ، بین الاقوامی تعاون اور تعلیمی اصلاحات کا وسیع تجربہ رکھنے والے امیدوار اہل ہوں گے۔ اس کے علاوہ اکیڈمکس کے رکن کی ایک مستقل اسامی بھی مشتہر کی گئی ہے، جس کے لئے بی پی ایس-22 اسکیل مقرر ہے۔ اس عہدے کے لئے کم از کم عمر 45 سال اور زیادہ سے زیادہ عمر 55 سال رکھی گئی ہے، جب کہ امیدوار کے پاس پی ایچ ڈی اور کم از کم 22 سال کا تدریسی، تحقیقی یا انتظامی تجربہ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اس اسامی کے لئے کوٹہ پنجاب کا ہے۔ ایچ ای سی کے مطابق درخواستیں صرف آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہیں اور درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔ نامکمل یا مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ صرف اہل امیدواروں کو انٹرویو کے لئے طلب کیا جائے گا، جب کہ سرکاری ملازمین مناسب چینل کے ذریعے درخواست جمع کرائیں گے۔