کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مادری زبان محض اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ قوموں کی شناخت ، تہذیب اور فکری تسلسل کی بنیاد ہوتی ہے ، پشتو ، بلوچی ، براہوی ، ہزارگی سمیت صوبے میں بولی جانے والی تمام زبانیں ہماری مشترکہ ثقافتی میراث ہیں ۔ مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ تمام مادری زبانوں کا تحفظ ریاست اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے ، بدقسمتی سے سرکاری سطح پر مادری زبانوں کو وہ مقام نہیں دیا گیا جس کی وہ مستحق ہیں ، تمام مادری زبانوں کو تعلیمی ، سرکاری زبان بنایا اور ذرائع ابلاغ میں موثر نمائندگی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں مادری زبانوں کے فروغ اور تحفظ کے لیے عملی اور تاریخی اقدامات کیے۔