کوئٹہ(پ ر)خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق قومی پالیسی پر صوبائی مشاورتی اجلاس سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا اہتمام اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین یو این ویمن اور وزارتِ انسانی حقوق نے کیا، جبکہ صدارت بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے کی۔اجلاس میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، تشدد کی روک تھام، قانونی تحفظ، انصاف تک رسائی، صحت، تعلیم، معاشی خودمختاری اور بچیوں کے حقوق سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے قومی پالیسی کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں ۔کرن بلوچ نے اداروں اور متعلقہ فریقین کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اور سفارشات کو پالیسی سازی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں، مضبوط ادارہ جاتی نظام، عوامی آگاہی اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔